پاک امریکا دوطرفہ مذکرات کا باقاعدہ آغاز دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہوا۔ پاکستان کے دورے پر آئے وزیر خارجہ جان کیری نے محکمہ خارجہ کے حکام اور پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈوالسن کے ہمراہ امریکی وفد کی قیادت کی۔ پاکستان کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کی قیادت مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز نے کی۔
سرتاج عزیز کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور دفتر خارجہ کے دیگر حکام شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ڈرون حملوں پر اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے امریکا سے ڈرون حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ پاکستانی حکام نے امریکی وفد کو باآور کرانے کی کوشش کی کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ڈرون حملوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
دوطرفہ مذاکرات میں سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں پر اہم پیشرفت ہوئی۔ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان پاک امریکا اسٹریٹجک تعلقات کو بحال کرنے کیلئے تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ مذاکرات میں افغانستان کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔