واشنگٹن (جیوڈیسک) محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اپنے شہریوں کو پاکستان کاسفر کرنے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ اسلام آبادمیں امریکی سفارتخانہ اورکراچی میں قونصلیٹ جنرل پاکستان میں تمام امریکی شہریوں کے لیے قونصلرخدمات جاری رکھے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کودہشت گردانہ اورفرقہ وارانہ حملوں اورتشدد کامسلسل سامناہے جبکہ پاکستان بھرمیں امریکی شہریوں کیلیے غیر ملکی اور ملکی دہشت گرد گروپ مسلسل خطرے کاباعث بنے ہوئے ہیں،دہشت گرد پاکستان میں سویلین اور حکومتی اہداف کے علاوہ ایسی جگہوںکونشانہ بنارہے ہیں جہاں مغربی یاامریکی شہری موجود ہوں۔بیان میںکہاگیا کہ امریکی شہری پاکستان کے غیرضروری سفر سے احتیاط کریں جبکہ ملک کے اندربھی تفریحی اوردیگرعوامی مقامات کے سفرکے دوران محتاط رہیں۔