امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج سوموار کو کرونا وائرس سے متاثرہ ریاستوں میں طبی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم کرونا وائرس کے خلاف حالت جنگ میں ہیں۔ ہمیں حُب الوطنی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ انہوں نے کرونا سے متاثرہ علاقوں اور ریاستوں میں ہنگامی طبی اسٹیشن قائم کرنے کی ہدایت کی۔
ٹرمپ نے کرونا کی پیش رفت کے بارے میں تازہ ترین معلومات کے حصول کے لیے کراسز سیل قائم کرنا کا فیصلہ کیا ہے۔وائٹ ہائوس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پوشیدہ دشمن کرونا کا مقابلہ کرنے کے لیے حکام کی ہدایات کا احترام کریں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ کرونا پر فتح کے بعد معیشت ایک بار پھر کھڑی ہوگی۔ کرونا پوری امریکی قوم اور پوری دنیا کے لیے دشمن ہے۔
اسی سیاق میں ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے ایران اور شمالی کوریا سے کہا تھا کہ ان کا ملک کرونا کا مقابلہ کرنے میں ان کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے چینی صدر سے کرونا کے بارے میں بات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چین سے ناراض ہیں۔
چین نے کرونا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے بروقت اقدامات نہیں کیے۔ انہوں نے کرونا سے متاثرہ ریاستوں میں 24 گھںٹوں کے اندر اندر تمام طبی سہولیات کی فراہمی کے احکامات صادر کیے۔ اس موقعے پر امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کہا کہ اب تک امریکا میں کرونا کے شبے میں دو لاکھ 54 ہزار افراد کا چیک اپ کیا گیا ہے۔