نیویارک (جیوڈیسک) امریکی ریاست جنوبی ڈکوٹا کے پہاڑی علاقے میں غیر متوقع برف باری نے نظام زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا، شدید برف باری کے باعث مغربی امریکا سے ملانے والی ایک اہم شاہراہ بند ہو گئی اور سرکاری دفاتر بند کر دیے گئے۔ ریاست ساوتھ ڈکوٹا کے علاقے بلیک ہلز میں شدید برف باری کے باعث مغربی امریکا کو ملانے والی اہم شاہراہ بند ہوگئی ہے۔
گورنر ڈکوٹا کے حکم پر بلیک ہلز اور جنوب مغربی علاقے کی 6 کاونٹیز میں ریاستی دفاتر بند کر دیے گئے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق بلیک ہلز میں 49 سینٹی میٹر اور وائیومنگ میں 10 سینٹی میٹر برف پڑی۔
ریاست وائیومنگ کے علاقے کیسپر میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہے۔ میدانی علاقوں میں تیز ہواوں اور شدید برفانی طوفان کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔