جکارتہ (جیوڈیسک) انڈونیشیا اور امریکہ نے ایک مشترکہ ایکشن پلان پر دستخط کئے، جس کا مقصد فوجی تعاون کو وسعت دینا اور انڈونیشیا کی دفاعی تیاری کو تقویت فراہم کرنا ہے۔
دستخط کی یہ تقریب گزشتہ روز جکارتہ میں منعقد ہوئی، جس میں وزارت دفاع کے سکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل ادیوان پرابووو اور نائب امریکی سفیر، کرسٹن بوئر موجود تھے۔ تقریب کے بعد پرابووو نے بتایا کہ 2015 کے اِس ایکشن پلان کی مدد سے انڈونیشیا میں اصلاحاتی امریکی دفاعی پروگرام کو معقول وسعت میسر آئے گی۔
بوور نے کہا کہ ایک طویل مدت سے امریکہ کی خواہش تھی کہ انڈونیشیا کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور انہیں تقویت حاصل ہو رہی ہے اور ہمارے دفاعی تعلقات اِس کا ایک کلیدی حصہ ہیں، اور یہ کبھی اتنے مضبوط نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم فوج اور فوجی سرگرمیوں کے میدان میں انڈونیشیا کے چوٹی کے ساجھے دار ہیں۔ امریکہ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے دفاعی اداروں کے درمیان احتساب پر مبنی، پیشہ ورانہ اور شفاف تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔