فلسطین (اصل میڈیا ڈیسک) فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے امریکی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف ٹھوس موقف اپنائے اور اسرائیل کو فلسطینیوں کے حقوق کی پامالیوں سے روکے۔
صدر محمود عباس نے غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا اور جنگ بندی کے لیے عرب اور مغربی ممالک کی مساعی کو سراہا۔
قبل ازیں فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے مصر اور دوسرے ممالک کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے جنگ بندی کرانے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ برادر ملک مصر نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے نہتے فلسطینیوں کا اجتماعی قتل عام کیا ہے۔ قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں 20 فلسطینی خاندانوں کو اجتماعی طور پر بے دردی کے ساتھ شہید کیا ہے۔
فلسطینی وزیر اعظم نے صدر عباس کی اپیل پر غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے اور جنگ بندی کے لیے کوششیں کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف سنگین جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اسرائیلی ریاست کے جرائم بیب الاقوامی فوج داری عدالت میں اٹھائے جائیں گے۔