امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا نے لبنان میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو اپنے حقوق کے لیے پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔
خیال رہے کہ سانحہ بیروت کے بعد حکومت کے خلاف پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جن میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور اڑھائی سو کے قریب مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے صدر میشل عون اور وزیراعظم حسان دیاب سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان مظاہروں پر بیروت میں قائم امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ امریکا پرامن احتجاج کی حمایت کرتا ہے۔ بیان میں تمام فریقین سے پرتشدد راستے اختیار نہ کرنے اور احتجاج کو پرامن رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا لبنان میں عوام کے پرامن احتجاج کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ عوام کو اپنے جائز اور آئینی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا حق ہے۔
بیروت میں پارلیمنٹ ہاوس کے باہر، وزارت اقتصادیات کے سامنے اور کئی دوسری وزارتوں کے دفاتر کے باہر شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ یہ مظاہرے اس وقت پرتشدد شکل اختیار کر گئے جب مظفاہرین نے سرکاری عمارتوں میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
مظاہرین نے حکومت مخالف مظاہروں کے ساتھ ساتھ ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور حزب اللہ کو’ دہشت گرد’ تنظیم قرار دیا۔