امریکہ پاکستان کو اپنی منڈیوں تک رسائی فراہم کرے گا

Pakistan,America

Pakistan,America

واشنگٹن (جیوڈیسک) پاکستان اور امریکہ نے اگلے پانچ برسوں کے دوران دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لئے مشترکہ ایکشن پلان کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد زرعی پیداوار کو متنوع بنانا اور بہتر کاروباری مواقعوں کیلئے اسلام آباد کو امریکی منڈیوں تک رسائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

دونوں ممالک نے تجارتی کانفرنس رواں سال پاکستان میں اور ٹفٹا کونسل کا آئندہ اجلاس 2015 میں پاکستان میں کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا ہے۔ معاہدہ امریکہ پاکستان ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ کونسل کے اجلاس میں طے پایا گیا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر اورامریکی وفد کی سربراہی امریکی تجارتی نمائندے سفیر مائیکل فرومین نے کی۔

اجلاس میں انہوں نے خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کے لئے مفاہمتی یادداشت پربھی دستخط کئے۔ اجلاس میں آئندہ پانچ سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں امریکہ کیلئے پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی اور دونوں اطراف کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔