تہران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر تیار ہے۔ ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ایرنا کے مطابق، حکومت ایران کے ترجمان علی ربیعی نے تہران میں منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران حالات حاضرہ سے متعلق سوالوں کے جواب دیئے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس سے قبل بھی کہا تھا کہ ایران امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر رضامند ہے مگر امریکہ نے تاحال اس معاملے میں تاخیر سے کام لیا ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر میں ایرانی قیدی امریکی دباو کے باوجود عقوبت خانوں میں ہیں۔
ربیعی نے مزید کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری معاہدے پر دوبارہ مذاکرات کا آغاز امریکی پابندیوں کو بلامشروط ختم کرنے پر منحصر ہے۔