امریکا میں دو دہائیوں کی شدید ترین سردی

Snow Fall

Snow Fall

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں دو دہائیوں کی شدید ترین سردی اور برف باری سے کئی ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ب رفانی ہواوں نے وسطی ریاستوں میں زندگی کو منجمد کردیا ہے۔

سڑکیں، اسکول، بازار سب بند پڑے ہیں، شہری گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔ امریکا کی وسطی ریاستوں میں برفیلی ہواوں نے قہر ڈھایا ہوا ہے۔ اسکول، بازار، دفاتر سب بند پڑے ہیں، زمین پر گاڑیاں اور فضا میں جہاز بھی سردی کا مقابلہ کرنے سے قاصر نظر آرہے ہیں، سڑکیں ویران ہیں اور سیکڑوں پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں۔ مشرقی اور جنوبی ریاستوں میں بھی سردی کا راج بر قرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شکاگو، سینٹ لوئیس اور انڈیانا پولس میں درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وسط مغربی ریاستوں مونٹانا، شمالی اور جنوبی ڈکوٹا، مینی سوٹا، آئیووا، وسکونسن، مشی گن اور نبراسکا میں درجہ حرارت منفی 20 سے چالیس سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔

مغربی اور وسطی شمالی ڈکوٹا میں منفی 51 سینٹی گریڈ کی سرد ہواوٴں کو جان لیوا قرار دیتے ہوئے شہریوں کو تمام تر حفاظتی انتظامات اختیار کرنے کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ کئی ریاستوں میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور کاروبار دوپہر تک بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔