کراچی (جیوڈیسک) امریکااور برطانیہ سمیت یورپ میں اس بار بھی دو عیدیں ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، کیلینڈر کے تحت عید 8 اگست کو منائے جانے کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ رویت کے تحت عید منانے والے چاند دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ شمالی یورپ کے ممالک سویڈن، ڈنمارک، ناروے اور فن لینڈ میں معین کیلینڈر کے تحت عیدمنانے والے افراد جمعرات کو عید منائیں گے۔
اسی طرح فرانس، بیلجیم اور ہالینڈ میں بھی مسلم کمیونٹی کیلینڈر کے تحت 8 اگست ہی کو عید منائیگی تاہم امریکا اور برطانیہ سمیت یورپ بھر میں رویت کے تحت قمری مہینوں کا فیصلہ کرنے و الے افراد سات اگست کو چاند دیکھیں گے اور امکان ظاہر کیا جارہاہے کہ رویت کے تحت عید 9 اگست یعنی جمعہ کو منائی جائے گی۔
پاکستانی کمیونٹی اس سے پہلے ماہ رمضان کے آغاز پر بھی منقسم تھی اور یہی سلسلہ ماضی کی طرح عیدکے تہوار پر بھی جاری رہنے کا خدشہ ہے۔ سعودی عدالت عظمی نے شوال کا چاند دیکھنے کے لئے اجلاس کل طلب کیاہے، تاہم کل چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عید الفطر جمعرات کو منائی جائیگی۔