متحدہ طلباء محاذ کا طلبا یونین بحالی کے لئے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

Lahore

Lahore

لاہور : متحدہ طلباء محاذ کے مرکزی صدر سید سرفراز نقوی کی سربراہی تمام طلباء تنظیموں کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں طلباء یونین بحالی کے امور پر طلباء رہنمائوں نے تبادلہ خیال کیا ۔اجلاس میں متحدہ طلباء محاذ کا ناقص تعلیمی پالیسیوں کے خلاف اور طلبا حقوق کی بحالی طلباء کے حقوق کے دفاع اور طلباء یونین بحالی کے لئے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا۔

مرکزی صدر سید سرفراز نقوی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کے ذریعے ہی تمام سیاسی جماعتوں کو نظریاتی اور حقیقی قیادت میسر آتی تھی مگر جب سے ضیاء الحق کے آمرانہ دور سے طلبا یونینز پر پابندی لگی ہے اس کے بعد تمام سیاسی جماعتوں میں کاغذی اورجعلی قیادت کی بہتات ہوگئی ہے۔طلبا یونین کی بحالی کے حوالے سے سینیٹ آف پاکستان کی قرارداد خوش آئند ہے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ طلبا یونین کی بحالی کیلئے موثرقانون سازی کی جائے تاکہ طلبا یونین کی بحالی کے بعد طلبا پاکستانی نظریاتی سیاست میں اپنا متحرک کردار ادا کرسکیں۔قانون سازی میں تعلیمی اداروں سے غنڈہ گردی اور غیر تعلیمی عناصر کی بیخ کنی کیلئے سخت اقدامات تجویز کئے جائیں۔

سرفرازنقوی کا کہنا تھا کہ تحریک طلباء یونین بحالی کے تحت ابتدائی طورپراہم ملکی سیاسی شخصیات و صحافی برادی سے متحدہ طلباء کے وفد کی ملاقات ہوگی جس میں طلباء یونین بحالی سمیت دیگر امور پر کو زیربحث لایا جائے گاوفد ملاقات میں اپنی سفارشات پیش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک طلبا یونین پر پابندی ختم نہیں کی جاتی اس وقت تک قوم کو تعلیم یافتہ،نظریاتی اور حقیقی قیادت میسر نہیں آسکتی ہے۔اجلاس میں طلباء تنظیموں کے رہنمائوں نے شرکت کی جن میں غازی الدین بابر مرکزی صدر جمعیت طلباء اسلام (س )،حافظ عبدالرحمنٰ مرکزی صدر جمعیت طلباء اسلام (ف )۔عرفان اسلامی جمیعت طلباء ڈپٹی جنرل سیکرٹری ،آئی ایس ایف محسن چوہدری ،بو علی شاہ ای ٹی آئی کے رہنماء ،سہیل چیمہ شریک تھے۔

یاد رہے کہ جنرل ضیا الحق نے امن و امان کی بنیاد بنا کر طلبا کی مارشل لا کیخلاف تحریک کو روکنے کیلئے تعلیمی اداروں میں طلبا یونین پر 9 فروری 1984 کو پابندی عائد کی تھی۔