کراچی: چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ جشنِ ولادتِ رسول ﷺ اتحاد بین المسلمین کے جذبہ کے تحت منایا جائے، وہ ماہ ربیع الاول (یوم ولادت رسول ﷺ) کی آمد کے موقع پر عوام کو شہری و انتظامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں مسلمانوں کے مختلف مکاتبِ فِکر سے تعلق رکھنے والے علمأ اور ذاکرین سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے ہر مسلمان کو دوسرے مسلمانوں کا بھائی قراردیا ہے اس لئے یومِ ولادتِ رسول ﷺ اُمَّتِ مسلمہ میں اتحاد اور اتفاق کا مظہر ہے۔
اس موقع پر وائس چئیرمین سید شاکر علی نے کہا کہ بلدیہ وسطی کا عملہ جشنِ ولادتِ رسول کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کے راستوں پر اور عوامی اجتماع کے مقامات کی صفائی تندہی سے کررہا ہے اور بارہ ربیع الاوّل کے جلوسوں کے دوران صفائی کا خصوصی انتظام کیا جائے گا۔
انہوں نے کے الیکٹرک کی خراب کارکردگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل میں اضافے کا ایک اہم سبب کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی ہے۔ جو اس بات کی گارنٹ نہیں دے سکتا کہ جشنِ ولادتِ رسول کے دوران لود شیڈنگ نہیں ہوگی۔ اس موقع پر علما و ذاکرین نے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کو اپنے مسائل اور تکالیف سے آگاہی فراہم کی۔اور امید ظاہر کی کہ جس طرح بلدیہ وسطی کی انتظامیہ نے عیدالاضحی اور محرم الحرام کے موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اسی طرح جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بھی چئیر مین ضلع وسطی اپنی دسترس اور دیگر ذرائع سے ربیع الاول کے دوران جلوس اور جلسوں کے شرکاء کے لئے خصوصی حفاظتی دستے تیار کریں گے جن کی مدد سے عوام الناس بلا خوف و خطر جلوسوں اوردیگر مقامات پر جشنِ ولادتِ رسول کا اہتمام کرسکیں گے۔تاہم چئیرمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا بنانے میں اپنی جانب سے عملی تعاون کا مظاہرہ کریں۔
امن و امان کے حوالے سے چئیر مین ریحان ہاشمی نے کہ موجودہ صورتِ حال میں ہمیں اندرونی اور بیرونی ہر قسم کے دشمنوں اور تخریب کاروں پر نظر رکھناہوگی۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو انکی انتھک کاوشوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان جانوں کا نذرانہ دے کر مادرِ وطن کی حفاظت کررہے ہیں۔عوام کو بھی انکے شانہ بشانہ رہ کر ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے میں مدد کرنی چاہئے۔ ممبرانِ صوبائی اسمبلی جمال احمداور عظیم فاروقی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور اپنی جانب سے جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کے پُر اَمن اور شایانِ شان انعقاد میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں علمأ و ذاکرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جبکہ رینجرز افسران، فائربریگیڈ کے افسران اور واٹر بورڈافسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔