کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں مئیر اور چیئرمینوں کے انتخابی نتائج قریب آتے ہی سیاسی پارہ ہائی۔ ضلع غربی میں نون اور جنون آمنے سامنے ۔ نواز لیگ نے الزام لگایا اتحاد ہم سے ووٹ متحدہ کو دیا۔
ن لیگی رہنما نے غصے میں آ کر عمران اسماعیل کی پریس کانفرنس پر دھاوا بول دیا اور مائیک گرا کر روسٹرم پر قبضہ کر لیا۔ عمران اسماعیل نے الزام لگایا کہ ن لیگ کے رہنماؤں نے بہت بُری حرکت کی۔ ن کے اپنے لوگوں نے اتحادی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا وہ اپنا گھر سیدھا کریں۔ اس سے پہلے چھ جماعتی اتحاد نے متحدہ امیدوار کی جیت پر نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
کراچی اتحاد کے چیئرمین آصف خان اور ایم کیو ایم کے چیئرمین کے امیدوار اظہار الدین پولنگ اسٹیشن میں الجھ پڑے اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ پولیس بھی بیچ بچاؤ کرانے پہنچ گئی۔ ادھرڈی ایم سی ملیر کے چئیرمین کے الیکشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خوب دھجیاں اڑائی گئیں۔ ووٹرز پولنگ ایجنٹ کو دکھا کر ووٹ کاسٹ کرتے رہے۔ دنیا نیوز کی خبر پر الیکشن کمشنر سندھ نے نوٹس لے کر ریٹرننگ افسر کو کارروائی کی ہدایت کر دی۔