لاس اینجلس (جیوڈیسک) فلم اسٹوڈیو یونیورسل پکچرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں برس ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم جراسک ورلڈ کا سیکوئل بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اوراسے جون 2018 میں ریلیز کیا جائے گا۔
جراسک ورلڈ خود بھی سٹیون اسپیل برگ کی فلم جراسک پارک کا سیکوئل ہے۔جو ہالی وڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلموں کی فہرست میں ایواٹار اور ٹائٹینک کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔فلم اسٹوڈیو نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ اس فلم کا ہدایتکار کون ہوگا اور نہ ہی اس کے نام کے بارے میں کچھ بتایا گیا ہے۔
فلم کے ایگزیکیٹو پروڈیوسر سٹیون اسپیل برگ ہی ہوں گے جب کہ اس کی کہانی جوریسک ورلڈ کے ہدایتکار کولن ٹریورو لکھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جراسک پارک سیریز کی پہلی فلم 1993 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے دنیا بھر میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کیا تھا۔اس فلم میں ایک ایسے تھیم پارک کی کہانی بیان کی گئی تھی جس میں ڈا ئنوساروں کو کلون کر کے دوبارہ زندہ کیا گیا ہے۔
اس کے 4 برس بعد سیریز کی دوسری فلم جراسک پارک: دی لوسٹ ورلڈ نمائش کے لیے پیش کی گئی جب کہ 2001 میں جراسک پارک تھری سامنے آئی جو شائقین اور ناقدین دونوں کو پسند نہیں آئی۔ تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سیریز کی چوتھی فلم کی فقیدالمثال کامیابی نے اس فرنچائز کو ڈائنوساروں کے نئی نسل کے مداحوں کے لیے دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔