فیصل آباد کی خبریں 18/12/2013
Posted on December 19, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
ایٹمی ٹیکنالوجی میں مہارتوں کے بعد اب ہمیں فوڈ سیکورٹی کے لئے اسی جذبے سے آگے بڑھنا ہو گا، پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد
فیصل آباد ( ایچ ایس این) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل ایکسٹنشن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ نے پنجاب کے زرعی شعبہ جات کے اشتراک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے کسانوں تک رسائی کے لئے زرعی بیٹھک منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کسانوں کو مختلف فصلوں کے بارے میں جملہ معلومات، مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ اور دیگر امور کے بارے میں آن لائن مواد دستیاب ہو گا۔ یہ بات یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام ایک روزہ بین الاقوامی سمپوزیم برائے انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی توسیع میں مشاورتی نظام سے مقررین نے اپنے خطاب کے دوران بتائی۔ سمپوزیم کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کی جبکہ مہمانان اعزاز امریکی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ڈیوس کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر جم ہل اور ڈاکٹر مارک بل تھے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک بار پھر 1960ء کے اوائل میں برپا ہونے والے زرعی انقلاب کی ضرورت ہے جس کے لئے آئی سی ٹی کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے نئی کامیابیوں کی طرف گامزن ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی ٹیکنالوجی میں مہارتوں کے بعد ملکی سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے اب ہمیں فوڈ سیکورٹی کے لئے اسی جذبے سے آگے بڑھنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے ہماری زراعت ٹماٹر اور مکئی کے علاوہ دیگر فصلات کی پیداوار کے حوالے سے جمود کا شکار ہے اس کے لئے ہمیں عالمی سطح پر دستیاب نئی ٹیکنالوجیز عام کسان تک پہنچانے کے لئے آئی سی ٹی کو اپنانا ہو گا۔ امریکی سائنسدان ڈاکٹر جم ہل نے کہا کہ فوڈ سیکورٹی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس کے لئے تمام ممالک کے ماہرین اور سائنسدانوں کو مل کر زرعی پیداوار بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز سے نارمن بورلاگ نے انسانیت کے لئے غذائی محاذ پر جدوجہد کی اسی جذبے سے ایک بار پھر بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک پوری کرنے کے لئے ہم سب کو کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ ڈاکٹر مارک بل نے کہا کہ دنیا سمٹ کر ایک موبائل فون کی سکرین تک محدود ہو گئی ہے جس کے ذریعے اطلاعات کی فراہمی کا عمل تیز تر ہو گیا ہے اس انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معراج کے اس دور میں کسانوں تک جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کا عمل تیزی سے مکمل کیا جانا چاہیے۔
یونیورسٹی کے ادارہ زرعی توسیع و دیہی ترقی ڈاکٹر تنویر علی نے کہا کہ زرعی توسیع کے شعبے میں مختلف فصلات کے ماہرین کے ذریعے مربوط اطلاعاتی نظام وضع کر کے ملک کے لئے غذائی حوالے سے بھرپور پیداوار کا اہتمام کیا جا سکتا ہے اس مقصد کے لئے یونیورسٹی اپنے وسائل کے ذریعے آؤٹ ریچ پروگراموں کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ڈائریکٹر انفارمیشن پنجاب محمد رفیق اختر نے کہا کہ محکمہ زرعی اطلاعات پنجاب جہاں مختلف ٹی وی چینلز کو زرعی پروگراموں کی تیاری اور دیگر مواد کی فراہمی میں مدد دے رہا ہے وہاں پندرہ روزہ زراعت نامے اور ٹی وی پروگراموں کے ذریعے عام کسان کی دہلیز تک جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے میں بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں بیس ہزار افراد کے لئے صرف ایک توسیعی کارکن دستیاب ہے یہی وجہ ہے کہ تمام لوگوں تک رسائی کے لئے آئی سی ٹی کا استعمال شروع کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر خالد محمود شوق نے کہا کہ نجی شعبے میں زرعی اطلاعاتی نظام کے لئے کاوشوں کو سرکاری شعبے کی مدد سے زیادہ مربوط بنایا جا سکتا ہے اس مقصد کے لئے سوشل میڈیا سب سے بڑا ہتھیار ثابت ہو گا۔ ڈاکٹر محمد رشید نے کہا کہ یونیورسٹی نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ہر فصل کے لئے پیش گوئی پر مبنی نظام وضع کیا ہے جس کے ذریعے کمپیوٹر پر بیٹھ کر کوئی بھی کسان اپنے کھیتوں سے زیادہ سے زیادہ پیداوار کے لئے سفارشات حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھادوں کے متناسب استعمال سے 300ارب روپے کا فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر محمد منیر ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ سائنس نے کہا کہ اداروں کی کامیابی مسلسل محنت کی مرہون منت ہوا کرتی ہے اور یونیورسٹی کی قیادت نے اپنی محنت کی بنیاد پر جامعہ کو دنیا کی 100بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کر کے محنت کی عظمت کے اصول پر مہرتصدیق ثبت کر دی ہے۔ ڈاکٹر بابر شہباز نے کہا کہ زرعی بیٹھک محکمہ زراعت توسیع اور دیگر شعبہ جات کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس کے ذریعے کسانوں کو ان کے مسائل کا حل فوری طور پر پیش کیا جا رہا ہے.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بزرگ صحافی حافظ اکرام اختر کی وفات پر اظہار تعزیت کے لیے ڈائریکٹوریٹ پبلک ریلیشنز کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا
فیصل آباد (ایچ ایس این) بزرگ صحافی حافظ اکرام اختر کی وفات پر اظہار تعزیت کے لیے ایک اجلاس ڈائریکٹوریٹ پبلک ریلیشنز کے دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر سبحان علی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں عملہ کے تمام ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حافظ اکرام اختر کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے صحافتی میدان میں ان کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اس امر کا اظہار کیا گیا کہ فیصل آباد کے صحافتی شعبے میں انہیں نمایاں اور ممتاز مقام حاصل تھا.
جنہوں نے اپنے قلم کے ذریعے حق و صداقت کا پرچار کیااور سرکاری و سماجی اصلاح کے لیے تمام توانائیاں صرف کیں۔ مرحوم نے صحافتی میدان میں ایک طویل زندگی گزاری انہیں سیاسی، سماجی، صحافتی اور مذہبی و دیگر حلقوں میں بڑی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کی وفات صحافت کے شعبے کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے اور ان کی صحافتی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔تعزیتی اجلاس کے آخر میںمرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھیلیں نوجوانوں میں جہاں مورال اورجذبہ کو بلند رکھتی ہیں، وہاں جسمانی فٹنس بھی برقراررہتی ہے، چیف ٹریفک آفیسر عمران کشور
فیصل آباد (ایچ ایس این) چیف ٹریفک آفیسر عمران کشور نے پولیس کی والی بال فاتح ٹیم سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ کھیلیں نوجوانوں میں مورال اورجذبہ کو بلند رکھتی ہیں۔ فاتح ٹیمیں جہاں مختلف مقابلہ جات میں اچھی کارکردگی سے اپنے ضلع کانام روشن کررہی ہیں وہاں نوجوانوں کی جسمانی فٹنس بھی برقراررہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آبادرینج کی مختلف کھیلوں میں اچھی کارکردگی حوصلہ افزاء ہے اور اچھی کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔سی ٹی اونے کہا کہ ٹریفک وارڈنز اور ضلع پولیس کے جوانوں کی مشترکہ ٹیمیں مختلف کھیلوں کے ایسے میرٹ کی بنیادپر تشکیل دی گئی ہیں جن کی کارکردگی تسلی بخش ہے ۔انہوں نے آئندہ بھی کھلاڑیوں کے لئے اچھے اقدامات اورمنصوبہ بندی کی خوشخبری سنائی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قوالی کے فن کو زندہ رکھنے کے لئے اقبال سٹیڈیم کے قریب قوالی اکیڈمی بنائی جائے گی،ڈی سی او نور الامین مینگل
فیصل آباد (ایچ ایس این) ڈی سی او نور الامین مینگل نے اعلان کیاہے کہ قوالی کے فن کو زندہ رکھنے کے لئے اقبال سٹیڈیم کے قریب قوالی اکیڈمی بنائی جائے گی اس سلسلے میں منصوبے کی تیاری کے لئے متعلقہ افسران کو حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ اعلان چوک گھنٹہ گھر میں معروف قوال مہر علی شیر علی سے ملاقات کے دوران کیا ۔ اراکین صوبائی اسمبلی حاجی خالد سعید، چوہدری فقیر حسین ڈوگر، بزرگ تاجر حاجی بشیر احمد، اسسٹنٹ کمشنر ( سٹی ) ظہیر انور جپہ، ڈائریکٹر لائل پور میوزیم میاں عتیق احمد بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ ڈی سی او نے نامور قوال مہر علی شیر علی کے انداز گائیکی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنون لطیفہ میں قوالی کو بھی اہم مقام حاصل ہے اور یہ فن نہ صرف تصوف ، امن و سلامتی اور پیار و محبت کے پیغام کے فروغ کے لئے منفرد حیثیت رکھتا ہے بلکہ تاریخی ورثہ بھی ہے جس کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹ کونسل کی عمارت میں نصرت فتح علی خاں گیلری قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ عظیم گلوکار کی زندگی اور فن سے آگہی کے لئے میوزیم کا درجہ رکھے گی ۔ مہر علی شیر علی نے ڈی سی او نور الامین مینگل کے قوالی کے فن کے بارے میں اچھے خیالات اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے وژن کو سراہا ۔ ڈی سی او نے گھنٹہ گھر کی تزئین و بحالی کے کام کامعائنہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی یادگار کو مزید پرکشش اور خوشمنا بنایا جارہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون جاری 90 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج 67 ہزار 300 روپے کے جرمانہ
فیصل آباد (ایچ ایس این) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور سبزی و فروٹ منڈیوں کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی طرف سے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے جس کے نتیجہ میں ڈویژن بھرمیں گزشتہ 11 روز کے دوران 1472 ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیںمجموعی طور پر گیارہ لاکھ 65 ہزار 150 روپے کے جرمانے کئے گئے ۔ یہ بات ڈویژنل کمشنر سردار محمد اکرم جاوید کی زیر صدارت اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں حکومت پنجاب کی متعدد انتظامی و ترقیاتی پالیسیوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی سی اوز نور الامین مینگل، ڈاکٹر ارشاد احمد، سی پی او ڈاکٹر حیدر اشرف، چاروں اضلاع کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن میں وزن و پیمائش کے آلات کی جانچ پڑتال کے لئے جاری مہم میں محکمہ محنت کے افسران نے کنڈہ جات میں گڑ بڑ ہونے کی بناء پر 618 دکانداروں کو 67 ہزار 300 روپے کے جرمانے اور چالان کئے ہیں جبکہ گنے کے 367 غیر قانونی کنڈوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 90 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کاروباری حلقوں پر مقدمات کے اندراج کا حکم صادر کرنے سے پہلے تفتیش کروائیں، شکیل احمد انصاری
فیصل آباد (ایچ ایس این) آل پاکستان ٹیکسٹائل سائزنگ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شکیل احمد انصاری و عہدداران سابقہ چیئرمین مرزا شفیق ایگزیکٹو ممبر ملک
مظر عباس ملک محمد اعظم گلزار، ملک ظفر رمضان نے فیصل آباد پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاروباری حلقوں پر مقدمات کے اندراج کا حکم صادر کرنے سے پہلے تفتیش کروائیں کیونکہ جذباتی فیصلوں سے شریف کاروباری حلقوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی عورت وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے پیش ہو اور خود سوزی کی کوشش کرے تو اچھی شہرت کے حامل کاروباری شخص کو بغیر ثبوت کے گرفتار کر واسکتی ہے اگر ایسا ہی چلتا رہا تو کوئی بھی کاروباری شخص کسی بھی طرح محفوظ نہیں ہے۔
اس طرح کی ناجائز کار وائیاں کاروباری شخصیات کی ساکھ کو مجروح کرنے کے ساتھ ساتھ بہت سی پریشانیاں بھی پیدا کردیتی ہیں خدارا اس طرح کی کاروائیوں کو روکا جائے اگر ایسا کوئی واقع پیش آتا ہے تو پہلے ذمہ دار افسران سے تفتیش کروائی جائے ۔بعد ازاں کاروائی عمل میں لائی جائے۔آل پاکستان ٹیکسٹائل انڈسٹریز ایسو سی ایشن کے ممبر ملک مظہر عباس ،ملک محمد اعظم گلزار، ملک ظفر رمضان کے خلا ف جو ایف آئی آر درج کئی گئی اس میں پولیس نے انہیں آٹھ دن حوالات میں اور سات یوم جسمانی ریمانڈ پر رکھا اور اب ہم نے عدالت سے رجوع کر کے ضمانت پر رہائی حا صل کی ہے۔
ہم وزیر اعلیٰ پنجاب صوبائی وزیر قانون کمشنر، ڈی سی او، آرپی او، سی پی او سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کاروباری طبقہ کو پریشانیوں سے بچایا جائے اور عورتوں کے خود ساختہ خود سوزی کے ڈراموں پر بغیر تحقیقات مقدمات کے اندراج سے پرہیز کیا جائے مذکورہ واقع کے خلاف ہم نے رٹ دائر کردی ہے۔ آئند ہ کسی شریف شہری اور کاروباری طبقے کے خلاف ناجائز کاروائیوں کو روکا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔