کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے غیر وفاقی طلبہ وطالبات کے سالانہ امتحانات اختتام پزیر ہوگئے،ہفتہ 7اپریل سے مدارس دینہ کے سب سے بڑے تعلیمی بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگا۔
جس کے تحت جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مختلف شعبہ جات کے 1899 سے زائد طلبہ وطالبات امتحان میں شرکت کریں گے۔ ترجمان کے مطابق ملک بھر کے دینی مدارس کا تعلیمی سال مکمل ہونے والاہے اورامتحانات کا سلسلہ جاری جامعہ بنوریہ عالمیہ کے تحت 2000زائد طلبہ وطالبات کے سالانہ امتحانات مکمل ہوگئے ہیں،جن میں غیروفاقی درجات اورغیر ملکی طلبہ شامل ہیں۔
جبکہ مدارس کے سب سے بڑے تعلیمی بورڈ وفاق المدارس کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز ہفتہ سے ہور ہے ہیں جس میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے شعبہ حفظ ، شعبہ درس نظامی ، شعبہ تجوید ودیگر شعبوں کے ملکی وغیر ملکی 1899 طلبہ وطالبات امتحان میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ وفاق المدارس نے گزشتہ سالوں کی اچھی کارکردگی کے باعث جامعہ بنوریہ عالمیہ کو سائٹ ایریا اور بلدیہ کے مدارس کے لیے امتحانی سینٹر مقرر کردیاہے ۔ وفاق المدارس کے تحت سالانہ امتحانات کے اختتام کے بعد مدارس میں دوماہ کیلئے سالانہ تعطیلات ہوں گی۔