یونیورسٹی آف گجرات کی ترقی اور بہتری کا سفر جاری رہے گا۔ ڈاکٹر نظام الدین

University Gujrat

University Gujrat

گجرات (جی پی آئی) یونیورسٹی آف گجرات کی ترقی اور بہتری کا سفر جاری رہے گا۔ ڈاکٹر نظام الدین نے دانش گاہ گجرات کی تعمیر و تشکیل جن خطوط پر کی وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے یونیورسٹی آف گجرات کے لیے ڈاکٹر نظام الدین کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔ہم سب ایک ہیں، جامعہ گجرات ہمارے فکر و عمل کا محور ہو گی۔

تمام اساتذہ و سٹاف کے تعاون سے ہی جامعہ کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ۔ہم سب طالبعلموں کی خدمت کے لیے اس ادارے سے منسلک ہیں طالب علموں کو ہر ممکن تعلیمی و تدریسی سہولتیں فراہم کرنا میرا نصب العین ہے میں یونیورسٹی آف گجرات کی ترقی اور کامیابی کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھوں گا ۔ڈاکٹر نظام الدین نے کمال محبت اور محنت سے اس یونیورسٹی میں کام کے لیے ٹیم کی تربیت کی۔ ہم ماضی کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔ڈاکٹر نظام الدین جیسے وژنری وائس چانسلر کی جانشینی بڑا چیلنج ہے ۔ہم سب یکجہتی سے اس چیلنج کا سامنا کریں گے۔ یونیورسٹی آف گجرات میں تعلیم وترقی کے گراف کو مزید بلند کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک نے سنیئر سٹاف میٹنگ میںخطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جامعہ گجرات کے وائس چانسلر ڈاکٹر فہیم ملک سینئر سٹاف میٹنگ میں رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل کے ہمراہ پہنچے تو تمام سٹاف نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔سینئر سٹاف نے ڈاکٹر محمدفہیم ملک کی دیرینہ خدمات کو بھی سراہااور کہا کہ ڈاکٹر محمد فہیم ملک بطور استاد اور منتظم روشن ماضی کے حامل ہیںاور یقینا وہ شاندار مستقبل کے بھی امین ہوں گے ۔ میٹنگ میں ڈینز، ڈائریکٹرز، صدور ہائے شعبہ، کنٹرولر امتحانات، فیکلٹی اور ایڈمنسٹریٹوافسران سمیت رکن کالجوں کے پرنسپل صاحبان نے بھی شرکت کی۔