نظام آباد : تلنگانہ کے اردو میڈیم ڈگری کالجوں سے فارغ طلبا و طالبات کے لیے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ریگولر طریقہ تعلیم سے مانو کیمپس حیدرآباد میں سائنس و سماجی علوم اور کامرس میں پوسٹ گرائجویشن تا پی ایچ ڈی اعلی تعلیم کے سنہری مواقع دستیاب ہیں۔ جن سے علاقہ تلنگانہ کے طلباء و طالبات استفادہ کریں۔ مانو کیمپس میں لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے ہاسٹل میں قیام کی سہولت اور مختلف قسم کی اسکالرشپ سہولیات دستیاب ہیں اس کے علاوہ مرکزی جامعہ میں پی جی میں داخلہ کی صورت میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے پچاس ہزار وپیے کی یکمشت اسکالرشپ دی جارہی ہے۔ مولانا آزاد اردو یونیورسٹی میں شعبہ جرنلزم اور ماس کمیونیکیشن بھی ہے جس میں طلباء کو اخبارات اور الیکٹرنک میڈیا میں ضامن روزگار کورسز پڑھائے جاتے ہیں اور پردہ دار لڑکیاں بھی جرنلزم کی مختلف دستیاب ملازمتیں حاصل کرسکتی ہیں اس لیے طلباء سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اس سال زیادہ سے زیادہ تعداد میں مولانا آزاد اردو یونیورسٹی میں داخلے لیں۔
ان خیالات کا اظہار جناب مصطفی علی سروری اسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ جرنلزم و ماس کمیونیکیشن مولانا آزاد اردو یونیورسٹی نے ضلع نظام آباد کے کیر ڈگری کالج’ گوتمی ڈگری کالج اور گری راج کالج نظام آباد کے اردو میڈیم طلباء سے خطاب کے دوران کیا۔ مانو الومنی اسوسی ایشن کے ذمہ داران جناب اعجاز علی قریشی صدر جناب سید حیدر علی رضوی’سید توفیق’ایوب خان اور دیگر نے سرپرست بزم جناب مصطفی علی سروری صاحب کے ساتھ اردو یونیورسٹی میں اعلی تعلیم کے مواقع سے اضلاع تلنگانہ کے طلباء کو واقف کرانے کے پروگرام کا انعقاد کیا۔ جناب مصطفی علی سروری نے کہا کہ مسلمانوں کی موجودہ پسماندگی کا واحد علاج اعلی تعلیم ہے جس میں لڑکیاں تو سبقت لی جارہی ہیں لیکن لڑکوں کو بھی بہتر مستقبل کے لیے اردو یونیورسٹی سے استفادہ کرنا ہوگا انہوں نے مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ دیگر اقوام کے لوگ بھی اردو سیکھ کر اردو یونیورسٹی کے کورسز سے مستفید ہورہے ہیں۔ ہمارے روبرو مواقع تو ہیں لیکن انہیں اپنے لیے استعمال میں لانا یہ بڑی بات ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج نے کہا کہ یونیورسٹی طلباء کے گھر آگئی ہے طلباء کی رہبری کے لیے مانو الومنی اسوسی ایشن کے عہدیدار بارش کے قطرے بن کر طلباء کو سیراب کرنے نکلے ہیں اردو یونیورسٹی کے تازہ اعلامیہ آگیا ہے گری راج کالج کے طلبا کو چاہئے کہ وہ فوری پوسٹ گرائجویشن کے مختلف شعبوں میں داخلوں کے لیے کاروائی شروع کردیں۔ کیر ڈگری کالج میں مصطفی عرفات لیکچرر اردو اور میر نثار علی ہاشمی لیکچرر کامرس اور کالج انتظامیہ نے مانو ٹیم کا خیر مقدم کیا۔ گوتمی کالج میں سکریٹری کرسپانڈنٹ اور سینیر ٹی آرایس قائد جناب طارق انصاری نے اپنے گھر پر مانو ٹیم کا خیر مقدم کیا اور مہمانوں کی گلپوشی کی۔ گری راج کالج میں کالج کے لیکچررز سید حسیب الرحمن’سنیل کمار’عمارہ بیگم اور نازنین بیگم کے علاوہ طلباء و طالبات نے مانو ٹیم کا خیر مقدم کیا اور اپنے تعلیمی مستقبل کے بارے میں مصطفی سروری صاحب اور دیگر سے استفسارات کئے۔ جناب اعجاز علی قریشی اور جناب سید حیدر رضوی نے طلباء کو بہتر مستقبل کے لئے مانو کے اعلی تعلیمی مواقع سے استفادے کی اپیل کی۔ طلباء میں اردو یونیورسٹی کے مختلف کورسز کا تعارفی بروچر تقسیم کیا گیا۔ شعبہ جرنلزم کے نظام آباد کے طالب علم توصیف رہبر نے مانو ٹیم کی رہبری کی اور شکریہ ادا کیا۔