کراچی (محمد ارشد قریشی) این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے طالب علموں نے ایدھی صاحب کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیئے ایدھی نوٹ بک متعارف کرادی۔
طلبہ نے این ای ڈی یو نیورسٹی کراچی میں اسٹال لگا کر اس نوٹ بک کو متعارف کروایا نوٹ بک کے سرورق پر سبز ہلالی پرچم اور ایدھی صاحب کی تصویر نمایاں ہے نوٹ بک کی قیمت 70 روپے مقرر کی گئی ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ اس سے ہونی والی آمدنی سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی جائیگی، یاد رہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے طلبہ کی جانب سے مستحقین کی امداد کے لیئے ایک پلیٹ فارم دی نیڈ اوور ہیلپ (ٹی این او ایچ) قائم کیا گیا ہے جس کے تحت اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اس سرگرمی کے منتظمین میں سے محمد عمر نے بتایا کہ ایدھی نوٹ بک کو متعارف کرانے سے انہیں کئی دوسرے تعلیمی اداروں سے خاصی حوصلہ افزائی ملی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہمیں مزید نوٹ بک کے آرڈر مل سکتے ہیں۔
طلبہ کی جانب سے اس طرح کے کارخیر میں ناصرف عام لوگوں کو بڑھ چڑھ کا حصہ لینا چاہیئے۔
بلکہ حکومتی سطح پر بھی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیئے اگر تمام گورنمنٹ اسکولوں میں کورس کے ساتھ ایک ایدھی نوٹ بک صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردی جائے تو نا صرف این ای ڈی کے طلبہ کی جانب سے جاری کار خیر مہم کو کافی تقویت ملے گی بلکہ تمام اسکولوں کے طالب علموں میں بھی اس طرح کے فلاحی کاموں کا رجحان پیدا ہوگا۔