جامعہ کراچی میں 3500 میں سے صرف 20 طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم

University of Karachi

University of Karachi

کراچی (جیوڈیسک) جامعہ کراچی کے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب وفاقی حکومت کے کسی نمائندے کی شرکت کے بغیر ہی منعقد ہوئی، انتظامیہ کی جانب سے منگل کو یونیورسٹی بند کیے جانے کے باوجود مسلم لیگ کی رکن قومی اسمبلی ماروی میمن بھی تقریب میں شریک نہیں ہوئیں۔

جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی صوبائی قیادت کی جانب سے جامعہ کراچی کے ساڑھے 3 ہزار میں سے صرف 20 طلبا کو لیپ ٹاپ دیے گئے، عام طلبا و طالبات کیلیے یونیورسٹی کو بندر کھا گیا۔اس موقع پرمسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو، جنرل سیکریٹری نہال ہاشمی نے سماعت گاہ کلیہ فنون میں منعقدہ تقریب میں 20 طلبامیں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ طلباکو لیپ ٹاپ تقسیم کیے جانے کے تقریب کی وجہ سے جامعہ کراچی کو بند نہیں کیا گیا بلکہ منگل کی شام جامعہ کراچی میں گورنر سندھ کو دورہ کر ناتھا جس کی وجہ سے جامعہ کراچی بندکی گئی ہے۔

تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ گورنر سندھ کا دورہ توشام کو شیڈول تھا جامعہ کراچی میں تدریسی عمل صبح سے ہی معطل ہے،اس سوال پرنہال ہاشمی نے کہا کہ گورنر سندھ جامعہ کراچی کے چانسلرہیں ان سے پوچھا جائے کہ جامعہ کراچی کو کیوں بند کیا گیا؟ قبل ازیں تقریب میں ایم فل؍پی ایچ ڈی کے 20 طلبا کو لیپ ٹاپ دیے گئے جبکہ 70 طلبا کو لیپ ٹاپ دینے کیلئے تقریب میں مدعو کیا گیا تھا جنھیں تقریب کے بعدلیپ ٹاپ دیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل راہو،جنرل سیکریٹری نہال ہاشمی، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے نمائندے رضا بھٹی اور شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہاکہ جدید دور میں وزیر اعظم نوازشریف کی یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم دراصل نوجوانوں کے لیے علم ودانش کا انمول بینک ہے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان نے انجام دیے۔

اس موقع پرویزاعظم یوتھ اسکیم کی کوآرڈینیٹرمنیزہ ، مسلم لیگ ن کے شاہ محمد شاہ، منوررضا ،ممتاز صنعتکارسردار یاسین ملک اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ترقی کاخواب شرمندہ تعبیرکیا جاسکتاہے۔

اور ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے نوجوان ہماراقیمتی اثاثہ ہیں وزیر اعظم نے لیپ ٹاپ کے اس اسکیم کے ذریعے طلبا و طالبات کو جدید علوم تک رسائی مہیاکی ہے۔ شیخ الجامعہ نے لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ ڈیوائس ملنے پراعلیٰ تعلیمی کمیشن اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔