لاہور (جیوڈیسک) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبا ہوسٹل میں غیر قانونی رہائشی افراد کے خلاف پولیس سے مدد مانگ لی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے اکیلے آپریشن نہیں کر سکتے۔ پنجاب یونیورسٹی کے ہوسٹل میں پنجاب کے دیگر اضلاع سے آنے والے طلبا اور طالبات کو رہائش کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
ایک طویل عرصے سے ہوسٹل میں غیر قانونی رہائشی افراد براجمان ہیں۔ گزشتہ روز بھی ہوسٹل میں رہائش پذیر باپ بیٹے کو نکالا گیا۔ اس حوالے سے ماضی قریب میں کئی بار چھاپوں کے دوران اسلحہ بھی بر آمد ہوا۔ غیر قانونی رہائشی افراد نکالے بھی گئے لیکن یہ تمام اقدامات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے۔
اب ایک بار پھر یونیورسٹی ہاسٹلز میں غیر قانونی رہائشی لوگوں کا شور مچا تو یونیورسٹی انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی۔ حکام کا کہنا ہے یونیورسٹی انتظامیہ اکیلے آپریشن نہیں کر سکتی۔ فہرست پنجاب حکومت کو دے دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے آئندہ چند روز میں پولیس کی جانب سے آپریشن متوقع ہے۔ یونیورسٹی کو اسلحے اور غیر قانونی مقیم افراد سے پاک کیا جائے گا۔