گجرات کی خبریں 1/10/2016

GPI News

GPI News

گجرات (جی پی آئی) یونیورسٹی آف گجرات میں ”عالمی یومِ ترجمہ ” بھرپور انداز میں منایا گیا۔ 30 ستمبر دنیا بھر میں بین الاقوامی یوم ِ ترجمہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر جامعہ گجرات کے مرکز السنہ و علوم ترجمہ کے زیر اہتمام کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ کیک کاٹنے کی مرکزی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم جو ملک میں مشینی ترجمہ اور آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے سکالر کی شہرت کے حامل ہیں مہمان خصوصی تھے۔ اُنہوں نے شعبۂ علوم ترجمہ و انگریزی ادب کے اساتذہ کے ہمراہ کیک کاٹا اور پروفیشنل مترجمین کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ جامعہ گجرات میں ہی یوم ترجمہ کی کیک کاٹنے کی رسم ترجمہ اور قومی زبانیں کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کے اجلاس کے بعد ہوئی۔ جس میں ممتاز کالم نگاروں، دانشوروں، ادیبوں و مترجمین نے باہم مل کریادگاری کیک کاٹا۔ وسعت اللہ خاں، یاسر پیرزادہ، حبیب اکرم، گل نوخیزاختر، ڈاکٹر عرفان بیگ، ڈاکٹر نصر اللہ وزیر، ڈاکٹر غلام علی و دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ عالمی یوم ترجمہ کے تناظر میں خصوصی کانفرنس کا انعقاد بھی ہوا جس میں ڈاکٹر طارق رحمان، ڈاکٹر صغریٰ صدف، ڈاکٹر خضر نوشاہی، ڈاکٹر احمد ندیم، ڈاکٹر کنول زھرا، ڈاکٹر جاوید حیدرسید، شیخ عبدالرشید، ڈاکٹر محمد اقبال بٹ، ڈاکٹر ریاض مانگریو، عثمان علی سمیت مقالہ نگاروں نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) طب کے شعبہ میں عملی مہارتوں کو اہم حیثیت حاصل ہے۔ ایک ڈاکٹر کا علم اس وقت تک مکمل نہیںہو سکتا جب تک کہ وہ اپنے علم کو عمل کے ساتھ مربوط نہیں کر لیتا۔ ڈاکٹر انسانیت کے عظیم محسن ہیں جو مختلف بیماریوں کا علاج کرتے ہوئے انسانیت کے دکھ درد کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ نواز شریف میڈیکل کالج اپنے طلبہ میں عملی مہارتوں کوپروان چڑھانے کے لیے مختلف موضوعات پر ورکشاپوں ، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جہاں ملک بھر سے بہترین ماہرین کو مدعو کرکے طلبہ کی عملی تربیت کا بندوبست کیا جاتا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے نواز شریف میڈیکل کالج کے زیر اہتمام عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں رینو پلاسٹی لائیو سرجری کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد ڈاکٹروں اور طلبہ کو ناک کی پلاسٹک سرجری کے حوالہ سے جدید تکنیک اور تصورات سے آگاہ کرنا تھا۔ اس تربیتی ورکشاپ کے فوکل پرسن راولپنڈی میڈیکل کالج کے ماہر سرجنENTپروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل تھے۔ ڈاکٹر محمد اجمل نے اس ورکشاپ میں شرکت کرنے والے ڈاکٹروں اور میڈیکل کالج کے طلبہ کو لیکچر اور عملی سرجری کے ذریعے تربیت کا موقع فراہم کیا۔ اس ورکشاپ کی اہمیت اس لحاظ سے بھی اہم تھی کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے اس ورکشاپ میں شرکت کرنے والے طلبہ کو چھ گھنٹے کیCME Accreditationکا حقدار ٹھہرایا گیا۔ پرنسپلNSMCڈاکٹر ظفر اقبا ل گِل نے کہا کہ نواز شریف میڈیکل کالج اپنے طلبہ میں طب کی تعلیم کا اعلیٰ ذوق و شوق پید اکرتے ہوئے طب کی تعلیم کو معیاری بنانے کی جانب گامزن ہے۔ ورکشاپیں اور سیمینار طلبہ کی ذہنی کشادگی اور ان کی علمی مہارتوں کو مہمیز کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ اس ورکشاپ میں گوجرانوالہ ڈویژن بشمول جہلم کے ENTڈاکٹروں، سی ایم ایچ کھاریاں، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، منگلہ اور سیدو شریف میڈیکل کالج مینگورہ سوات کے علاوہ مقامی ڈاکٹروں ،NSMCکی فیکلٹی اور طلبہ نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اس ورکشاپ کے کامیاب شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور مہمانان کو یادگاری شیلڈیں پیش کی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں 1614مجالس، 344ماتمی جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کر لیا گیا ہے، پولیس کے ساڑھے 3ہزار سے زائد افسران و جوان مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے ڈیوٹی سرانجام دینگے ،انکی مدد کیلئے سول ڈیفنس کے اہلکار، ریسکیو 1122اور دیگر محکموں کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے جبکہ پاک فوج کے دستے بھی سول انتظامیہ اور پولیس کی مدد کیلئے موجود ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سرکٹ ہائوس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ڈی او سی نواز گوندل کور امن کمیٹی کے ممبران چوہدری منظور حسین، سید الطاف الرحمان ،سید ضیااللہ شاہ، اظہر عطاری، الطاف عباس کاظمی، خادم علی خادم و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ملک نہایت نازک حالات سے گزر رہا ہے، بھارت کے ساتھ کشیدگی عروج پر ہے ان حالات میں معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں امن کیلئئے اپنا کردار ادا کریں ۔ا نہوںنے میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ وہ محرم الحرام کے دوران اپنی ذمہ داریاں نہایت محتاط طریقے سے سرانجام دیں تاکہ کہیں بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا نہ ہو۔ محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کے متعلق بریف کرتے ہوئے انہوںنے بتایا کہ ضلع میں دس محرم الحرام کے دوران گجرات، شادیوال اور لالہ موسیٰ میں ہونیوالی مجالس اور جلوسوں کو سکیورٹی کے لحاظ سے اے پلس کیٹگری میں رکھا گیا ہے جہاں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں گے اور تین درجاتی سکیورٹی مرتب کی جائے گی۔ انہوںنے بتایا کہ ضلع میں 10مجالس اور جلوسوں کو کو سکیورٹی کے لحاظ سے اے کیٹگری، 39کو بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے جبکہ 1562مجالس اور 292 جلوسوں کو سی کیٹگری میں رکھا گیا ہے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ قانو ن نافذ کرنیوالے اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں مختلف مسالک کے 17علما کی زبان بندی اور 28کے ضلع میں داخلہ پر پابندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ آئندہ بھی شرانگیزی کرنیوالوںکے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ انہوںنے بتایا کہ جلوسوں کے روٹس کا وزٹ کیا جاچکا ہے ، پیچ ورک اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جاچکا ہے، عاشورہ محرم کے مرکزی مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں اور بلدیہ آفس میں مرکزی کنٹرول روم بنایا جائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ عاشورہ سمیت تمام جلوسوں کے موقع پر انتظامی افسران، پولیس افسران اور امن کمیٹی کے ممبران موجود ہوں گے، محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں میڈیکل کور فراہم کریں گی اور ایمبولینس فراہم کی جائیں گی جبکہ ٹی ایم اے، واپڈا، سوئی گیس، ٹیلی فون سمیت تمام محکموں کی ٹیمیں بھی معاونت کریں گے اسی طرح پاک فوج کے دستے بھی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت کیلئے تعینات کئے جائیں گے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں موقع پر پہنچ کر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ مرکزی جلوسوں کی تین درجاتی سیکورٹی ہوگی ، مجالس اور جلوس میں آنیوالے ہر فرد کی مکمل تلاشی لی جائے گی اور واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے جائیں گے ۔ انہوںنے بتایا کہ پولیس کے ساتھ شیعہ تنظمیوں کے رضا کار بھی مجالس اور جلوس کی سکیورٹی کے لئے فرائض سرانجام دیں گے ۔ انہوںنے واضع کیا کہ گجرات پولیس محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے اور مجالس اور جلوسوں میں آنیوالوں کے ساتھ دیگر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کی جائے گی۔ امن کور کمیٹی کے ممبران نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے محرم الحرام کے دوران کئے جانیوالے انتظامات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح اس سال بھی ضلع گجرات امن و امان اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ضلع میں اشیائے خورد و نوش کی ہول سیل اور پرچون میں قیمتوں کا از سر نو تعین کر دیا گیا ہے اور پرائس مجسٹریٹس مقررہ نرخوں پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیں اور گرانفروشوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے کے 20کلو گرام تھیلے کی قیمت 720روپے مقرر کی گئی ہے، دال چنا باریک کی قیمت ہول سیل میں 138اور پرچون میں 140روپے فی کلو، دال چنا موٹی کی قیمت142روپے اور 144روپے فی کلو، کالے چنے 138اور 140روپے فی کلو، سفید چنے سندھی 150 اور 152روپے کلو، سفید چنے باریک کینڈا 158اور 160روپے کلو، دال مونگ چھلکا باریک 106اور 108روپے کلو،دال مونگ دھلی ہوئی 110اور 112روپے کلو، دال ماش چھلکا باریک 188اور 190روپے کلو، دال ماش باریک 198اور 200روپے کلو، دال ماش موٹی (چمن) 248اور250روپے کلو، دال مسور باریک 128اور 130روپے کلو، دال مسور موٹی 122اور 124روپے کلو، سرخ مرچ پاوڈر 228اور 230روپے کلو، سپر باسمتی چاول (نئے ) 83اور 85روپے کلو، چینی ہول سیل میں 70اور پرچون میں 72روپے کلو ، بیسن پرچون میں 142ہول سیل میں 144 روپے کلو قیمت مقرر کی گئی ہے، چھوٹا گوشت اوپن مارکیٹ580روپے کلو، ماڈل شاپ 680روپے کلو، بڑا گوشت اوپن مارکیٹ 300روپے کلو، ماڈل شاپ 340روپے کلو، دودھ اوپن مارکیٹ 65روپے لٹر، ماڈل شاپ 75روپے کلو، دہی اوپن مارکیٹ 70روپے ، ماڈل شاپ 80روپے کلو، روٹی 100گرام 7روپے، نان 100گرام کی قیمت8روپے مقرر کی گئی ہے۔ دریں اثنا ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی مقرر کردہ قیمتوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کرنے ، مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن یقینی بنایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ کیلئے بحالی سنٹر قائم کیا جائے گا ، گاڑیوں پر بغیر نمونہ نمبر پلیٹس کی اجازت نہیں دی جائے گی، مالکان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس سے فوری طور پر منظور شدہ نمبر پلیٹس حاصل کریں۔ یہ فیصلہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، اس موقع پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ارشد مجید ، صدر ڈسٹرکٹ بار عمران اشرف ایڈووکیٹ ، صدر پریس کلب سید عرفان جعفری ، صدر انجمن تاجرن جاوید بٹ ، ڈی او سوشل ویلفیئر امجد فاروق کلیر و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی او ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ارشد مجید نے بتایا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں درخواست دینے پر آٹھ سے دس دن میں نمبر پلیٹس فراہم کر دی جائیں گی ۔ انہوںنے واضع کیا کہ غیر قانونی اور بغیر نمونہ نمبر پلیٹ گاڑی چلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائیگا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ گاڑیوں کے لئے نمونہ کے مطابق ننمبر پلیٹس کیا اجراء کیلئے شہریوں کو سہولیات فراہم کرے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ منشیات کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرے نیز منشیاب کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بحالی سنٹر کے قیام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ اجلاس میںکمیٹی قائم کی گئی جو منشیات کے عادی افرادکی بحالی کیلئے اقدامات کرے گی۔