میڈرڈ (جیوڈیسک) اسپینش فٹبال لیگ میں ہفتے کی شب ویلارئیل اور سیلٹا ویگو کے میچ میں نامعلوم شخص نے آنسو گیس کا کنستر بیچ میدان میں پھینک دیا، جس پر مقابلے میں تعطل آیا، اس واقعے پر ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے والا میچ مہمان ٹیم سیلٹا ویگو نے 2-0 سے جیت لیا۔
آنسو گیس کا کنستر میدان میں پھینکے جانے کے بعد گرائونڈ میں دھواں بھر گیا اور بیشتر کھلاڑی آنکھوں سے بہنے والے آنسو صاف کرتے دیکھے گئے، اس موقع پر شائقین بھی عجلت میں اسٹیڈیم سے باہر چلے گئے، جس وقت یہ مقابلہ رکا اس وقت سیلٹا کو میزبان ویلارئیل پر 1-0 کی سبقت حاصل تھی، تاہم میچ کے اختتامی منٹ میں مہمان سائیڈ نے ایک اور گول داغ دیا، اس واقعے پر ویلارئیل کے صدر فرنانڈو روئگ کا کہنا تھا کہ پولیس آنسو گیس کا بم نما کنستر میدان میں پھینکنے والے شخص کو تلاش کر رہی ہے۔
تاہم یہ عمومی طور پر پولیس کے زیر استعمال رہنے والی ڈیوائس سے مشابہ تھی، ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے شائقین پرسکون اور اپنی حدود میں رہتے ہیں یقینی طور پر یہ کسی باہر سے آنے والے فرد کی شرارت ہوگی۔