کراچی (جیوڈیسک) پستول کی گولیاں اور میگزین برآمد ہونے پر ائیرپورٹ سے حراست میں لئے گئے امریکی شہری کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کئے گئے امریکی شہری جوئیل یوگیون کو پولیس نے ملیر ڈسٹرکٹ کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ آدم سنگھار کے روبرو پیش کیا جہاں ملزم سے اب تک کی جانے والی تفتیش سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا گیا۔
جس کے مطابق ملزم نائن ایم ایم پستول کی گولیاں اور میگزین کراچی سے اسلام آباد لے جانے کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس نے مزید تفتیشں کے لئے عدالت سے امریکی شہری کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا اور 10 مئی تک تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔