کراچی (جیوڈیسک) فن کی دنیا کے بے تاج بادشاہ لیجنڈری اداکار معین اختر کے مداح آج ان کی 64 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ فن کی دنیا میں مزاح سے لے کر پیروڈی تک اسٹیج سے ٹیلی ویڑن تک معین اختر وہ نام ہے جس کے بغیر پاکستان ٹیلی وژن کی تاریخ نامکمل ہے۔ 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہونے والے معین اختر نے کیرئیر کا آغاز 60ء کی دہائی کے وسط میں کیا اور 70ء کے عشرے میں معروف ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ کئی اسٹیج ڈراموں میں بھی اپنے فن کا جادو جگایا۔
معین اختر کو کئی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ چار دہائیوں تک قہقہے بکھیرنے والے ہردل عزیز فنکار معین اختر 22 اپریل 2011 کو کراچی میں انتقال کر گئے لیکن اپنے مداحوں کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔