لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے نامور گلوکار اے نیئر 66 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اے نیئر دل کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ اے نیئر عالمی شہرت یافتہ پلے بیک سنگر تھے۔
انہوں نے لالی ووڈ کیلئے انگنت لازوال گیت گائے۔ اے نیئر 17 ستمبر 1950ء کو پیدا ہوئے۔
انہوں نے فلم بہشت کیلئے ایک گانا گا کر 1974ء میں اپنے فنی سفر کا باقاعدہ آغاز کیا۔
آرتھر نیئر ان معدودے چند مغنیوں میں سے ایک ہیں کہ جن کا پہلا ہی گیت سپر ہیٹ ہوا۔ 70ء کی دہائی میں اے نیئر پاکستانی فلم انڈسٹری کے مصروف ترین اور مقبول ترین گلوکار مانے جاتے تھے۔ اے نیئر طویل عرصہ تک لاہور میں ایک میوزک اکیڈمی بھی چلاتے رہے۔
انکے مقبول گانوں میں اک بات کہوں دلدارہ، جنگل میں منگل، تیرے ہی دم سے، سب نے شور مچایا ہے، بینا تیرا نام، میں تو چلا ایسا جیون، سمیت بے شمار ہٹ گانے شامل ہیں۔
اے نیئر نے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی پر بھی بے شمار گانے گائے۔ ان کی آخری رسومات ان کی بیٹیوں کے بیرون ملک سے آنے کے بعد ادا کی جائیں گی۔