کراچی (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما ممتاز بھٹو سے انکی رہائشگاہ پر مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ممتاز بھٹو نے کہا کہ جب بدامنی اور رشوت خوری نے ملک کو تباہ اور برباد کر دیا ہے تو ایسی صورتحال میں حکمرانوں کا مشکلات کا سامنا کرنے کے بجائے اِدھر اُدھر کی باتیں کرنا عوام سے بہت بڑی دشمنی ہے۔
وفاقی حکومت ملک سے وفاداری نبھاتے ہوئے سندھ کو جرائم پیشہ اور دھاندلی کے پیداوار حکمرانوں سے نجات دلائے۔ وفاقی حکومت بالکل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہو تو اس سے زیادہ ملک سے بڑی دشمنی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا گزشتہ عام انتخابات میں سرعام بدترین دھاندلی کرکے یہی حکومت سندھ پر 6 سال سے قابض ہے۔
وہ وفاقی حکمرانوں کو یاد دلاتے ہیں کہ سندھ پاکستان کا وہ حصہ ہے جو ملک کی معیشت کو چلا رہا ہے اس کے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا، لہذا عوام شدت کے ساتھ منتظر ہیں کہ وفاقی حکومت ملک سے وفاداری کو ترجیح دیتے ہوئے سندھ کو جرائم پیشہ اور دھاندلی کے پیداوار حکمرانوں سے تحفظ دلائے۔