بدامنی کی آگ سے نکلنے کیلئے قوم کو متحد ہونا پڑیگا شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے چیلنج کا سامناہے اور حکومت درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہے۔ ملک کو بدامنی کی آگ سے نکالنے کیلئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فا رم پر متحد ہونا ہوگا۔

جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ علمائکرام پرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے مذہبی رواداری ،اخوت، برداشت اور بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دیں۔

وزیراعلیٰ سے ترک البراک گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین احمت البراک کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس دوران توانائی، سالڈویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پربتایاکہ ترکی کے تعاون سے لاہور میں شروع کیا جانیوالاصفائی کا جدید ترین نظام اب پنجاب کے دیگر بڑے شہروں تک پھیلایا جائیگا جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

پھر ملتان اور فیصل آباد میں بھی میٹرو بس منصوبے شروع کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کیساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جوحالیہ برسوں کے دوران مفید معاشی روابط میں بدل چکے ہیں۔ احمت البراک نے یقین دلایاکہ پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائیگا۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ سے ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن نے بھی ملاقات کی جس دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی ہر گزرتے دن کیساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے ، ترکی کے تعاون سے مظفرگڑھ میں جدید ترین ہسپتال کو ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جبکہ یہ اسی ماہ آپریشنل ہو جائیگااور علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کی جائینگی۔

دوسری طرف ترک سفیر کا کہنا تھا پنجاب حکومت کیساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بلوچستان میں زائرین پر حملے کی شدید مذمت اورقیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پرگہرے افسوس کا اظہار کیا جبکہ کراچی ایئرپورٹ پردہشت گردی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کے جوانوں نے اپنی جانیں نچھاور کر کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنادئیے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔انکا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔