ممبئی (جیوڈیسک) معروف کامیڈی شو دی کپل شرما شو کی پنکی بوا اپاسنا سنگھ نے شوہر نیرج بھردواج سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ اور کامیڈین اپاسنا سنگھ نے کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں لیکن پروفیشنل زندگی میں کامیاب ہونے والی اداکارہ ذاتی زندگی میں ناکام ہوگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ اپاسنا سنگھ نے ساتھی اداکار نیرج بھردواج سے 2009 میں شادی کرلی تھی جس کے بعد دونوں فنکاروں کی جوڑی نے 2012 میں ہی اختلاف کے باعث علیحدہ رہنا شروع کردیا تھا۔
لیکن اب دونوں نے باقاعدہ طور پر طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے جلد ہی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
دوسری جانب اداکارہ اپاسنا سنگھ نے طلاق کے مسئلے پر بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ طلاق لینے کا فیصلہ میرا ذاتی معاملہ ہے لہذا میڈیا اسے غلط رنگ نہ دے۔