اپردیر : پی کے 93 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع

Election

Election

اپردیر (جیوڈیسک) حلقہ پی کے 93 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہو گئی، جماعت اسلامی کے امیدوار ملک اعظم خان کو پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی جبکہ پیپلزپارٹی کے صاحبزادہ ثناء اللہ کو اے این پی، جے یو آئی (ف) اور ن لیگ پر مشتمل چار فریقی اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔

پی کے 93 کی سیٹ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی ، اس سے پہلے ہونے والے ضمنی الیکشن میں جماعت اسلامی کے ملک بہرام خان جیتے تھے تاہم جعلی ڈگری کیس میں ان کی نااہلی کے بعد یہاں دوبارہ الیکشن ہو رہے ہیں۔

ضمنی انتخاب میں ملک اعظم خان جماعت اسلامی کی جانب سے امیدوار ہیں جن کا مقابلہ پیپلزپارٹی کے صاحبزدہ ثناء اللہ سے ہے ، آزاد امیدوار جمشید خان بھی فتح کی امید لئے میدان میں موجود ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیدوار کو حکمران جماعت ، تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کی حمایت حاصل ہے جبکہ اے این پی ، جمعیت علماء اسلام (ف) ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کر رہی ہیں۔
پی کے 93 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد1 لاکھ 48 ہزار 76 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 90 ہزار 368 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد57 ہزار 708 ہے۔

مجموعی طور پر 120 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 14 مردانہ ، 14 خواتین کے اور 92 مشترکہ پولنگ اسٹیشن ہیں۔

تیس پولنگ سٹیشنز کو حساس اور 90 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ، ضمنی الیکشن کے موقع پر سات ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔