کشمیر (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی۔ جمعرات سے اتوار کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر میں گرج چمک اور تیز ہواں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لاہور بالائی اور وسطی علاقوں میں کل سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔
دن کے درجہ حرارت میں بھی تین سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے جمعہ اور ہفتہ کے روز حبس کی شدت بھی کم ہو جائیگی۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم آج رات، شمال مشرقی پنجاب، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سیدو شریف میں 53 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد میں موسم ابر آلود ہے۔ آج رات یہاں بھی بارش کا امکان ہے۔ گیارہ بجے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت34 ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں بھی آسمان پر ہلکے بادل چھائے ہیں جبکہ درجہ حرارت 33رہا۔ کراچی میں موسم گرم مرطوب ہے تاہم سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔ درجہ حرارت 35 ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور میں مطلع ابر آلود ہے۔ یہاں درجہ حرارت 35 رہا۔