بالائی علاقوں میں سردی کی لہر اب بھی برقرار

Cold

Cold

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر اب بھی برقرار ہے جبکہ شمالی وزرستان میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگی ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آیندہ 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا ، پنجاب، قلات ڈویژن ، کشمیر ، گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں میں دیامر، استور کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے ، جس سے سردی کی شدت برقرار ہے۔

ضلع غذر میں موسم آبر الود ہے۔ ادھر چترال شہر میں بارش اور بالائی پہاڑی علاقوں میں برف باری ہورہی ہے اور لوگوں کو اپنے روز مرہ کاموں میں مشکل پیش آرہی ہے۔ شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن پشین زیارت ژوب سمیت بیشتر علاقوں میں صبح سے مطلع ابرآلود ہے۔ دوسری جانب قبائلی علاقوں شمالی وزیرستان کے علاقوں رزمک، شوال،وانا ، جنڈولہ اور ٹانک شہراور اس کے مضافات میں موسلادھار بارش کے بعدسرد ہوائیں چلنے لگی۔ آزاد کشمیر اور مری میں بھی بادل چھائے ہوئے ہیں۔

سندھ ، پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم آہستہ آہستہ گرم ہوتا جارہا ہے۔ آج سب سے زیادہ کم درجہ حرارت کالام ، اور استور میں 01 اور سب زیادہ درجہ حرارت مٹھی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔