اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے،برفباری کے بعد کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہیںجبکہ پنجاب اور سندھ کے شہروں میں سردی کم ہونا شروع ہوگئی ۔
ملک کے بالائی شہر شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، سخت ٹھنڈ میں جلانے کی لکڑی کی قیمتیں دگنی ہوگئی ہیں ، لوگوں نے گرم کپڑوں کا استعمال بڑھا دیا ہے، تاہم موسمی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
خیبر پختونخوا،بلوچستان اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی بدستورسردی کا راج ہے،البتہ پنجاب اور سندھ کے شہروں میں سردی کا زورٹوٹنا شروع ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ کوئٹہ، ژوب، مالاکنڈ، ڈی آئی خان ڈویژن اور بالائی فاٹا میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 10،استورمیں منفی 9اور پاراچنارمیں منفی 7 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔