اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ سردی بڑھ جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان اور مالاکنڈ ڈویژن میں چند ایک مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ نومبر کی آمد آمد ہے اور ملک بھر کا موسم تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے، ملک کے بالائی علاقے سرد ہواوں کی لپیٹ میں ہیں۔
گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت آہستہ آہستہ بڑھ رہی ہے، ہنزہ نگر، دیامر، استور اور غذر بدستور سرد ہواوں کی لپیٹ میں ہے اور سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ مختلف بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔
مری، آزاد کشمیر، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے پہاڑوں سے آنے والی ٹھنڈی ہواوں کی وجہ سے فضا میں خنکی بڑھ گئی ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں دن کے وقت درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے لیکن رات اور صبح کے وقت ہلکی سردی سے موسم خوشگوار رہتے ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔