بالائی علاقوں میں برفباری تھم گئی، سردی کی شدت برقرار

Coldness

Coldness

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں سردی کا زور بڑھتا جارہا ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری تو تھم گئی مگر سردی کی شدت برقرار ہے۔ اسکردو کا درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ ملک کے بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان کے شہروں میں شدید سردی کا ڈیرا ہے۔ چائے کے ہوٹلوں پر صبح ہوتے ہی رش لگ جاتا ہے۔ ٹھنڈ بڑھتے ہی جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

اسکردو میں درجہ حرارت منفی 11 ، استور منفی 10 اور قلات کا درجہ حرارت منفی 07 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے شہروں میں بھی سخت سردی میں شہری گرم شالیں ،ٹوپی اورسوئٹرپہن کرہی گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔دھند کے باعث ڈرائیونگ میں مشکلات کا بھی سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید دھند کے باعث رات اور صبح کے اوقات میں لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کے اوقات متاثر ہونے کا امکان ہے۔ سندھ کے شہروں میں رات کے وقت سردی کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اورخشک رہے گا۔