اربن ڈیموکریٹک فرنٹ (UDF)کے بانی چیرمین ناہید حسین کا بیان

Karachi

Karachi

کراچی(خصوصی رپورٹ) اربن ڈیموکریٹک فرنٹ (UDF)کے بانی چیرمین ناہید حسین نے کہاہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سے تمام صوبوں کے وارے نیارے ہوگئے ہیں جبکہ عوام کے ہاتھوںمیں سوائے ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ بھی نہیں آیا انہوں نے کہا 18 ویں ترمیم سے پہلے مرکز صوبوں پر دبائو بڑھاتا رہا خواہ کوئی بھی معاملہ ہو مگر اب تمام صوبے بے لگا م گھوڑے بن چکے ہیں جس کی مرضی میں جو آتا ہے وہ کر رہا ہے اور کرپشن بھی رج کر ہورہی ہے ،تھر کی حالتِ زار سب کے سامنے ہے،کراچی کا آپریشن دہشت گردوں کی یلغار سے متاثر ہوتا جارہاہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ مفاہمت کی سیا ست ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے عہدیداران و کارکنان کی فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا

ناہید حسین نے مزید کہا کہ فوجی حکومتوں کے بر عکس جمہوری دور حکومت میں پاکستان کا لعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کی اماج گاہ بن چکا ہے کیونکہ ہمارے حکمران اور سیاست داںبرادر ملکوں کے مفادات کے عوض خود اپنے ہی ملک و قوم کی جڑیں کاٹتے رہے ،ڈالروں کے عوض سودے بازی کی گئی ،مطلوب شہریوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح امریکہ کے حوالے کیا گیا انہوں نے کہا کہ جمہوری حکمران مسلکوں کی بنیاد پراپنے لئے مفادات لیتے رہے نتیجے کے طور پرملکِ عزیزمیں دہشت گردی بڑھتی رہی کالعدم تنظیموں کی یلغار سے امن و امان کا معاملہ پیچیدہ ہوتا چلا گیا دوسری طرف امریکہ کی بلیک واٹر نے ملک کے اندر بہت تباہی مچائی تو تیسری طرف کراچی کو زیر کرنے کی خواہش نے گینگ وار ،بھتہ خوری ،قبضہ مافیا اور ٹارگٹ کلنگ کو فروغ دے کر روشنیوں کے شہر کو خون ریزی میں مبتلا کرادیاگیا گزرے 7 برسوں کے دوران پورا ملک بشمول وزیرستان اور بلوچستان انارکی کی بد ترین تصویر بن چکے ہیں

ناہید حسین نے کہا کہ خواہ آرمی چیف تبدیل ہو یا پھر آئی ایس آئی کے سربراہ ملک کی حالت وہی ہے جو 7 برس قبل تھی ،جمہوریت کو خطرات کا تاثردے کر انہی اداروں اور پالیسی ساز اداروں کو ان کی ہی حکمت عملی سے باز رکھا جا تا رہا ہے تاکہ وہ انہیں کچھ بھی نہ کہیں ،بات دراصل یہ ہے کہ چند جمہوری سُنڈیا ں قوم سے چپک گئیں ہیں جن سے چھٹکارا پانا بہت مشکل ہے دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان کا پلان C آنے والے دنوں میں کیا معرکہ سر کرتا ہے کیونکہ اگر امریکہ نے عمران خان کے انقلاب پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تو پھر عمران خان اور قوم کا خواب دونوں ہی چکنا چو ُر ہوجائینگے

ناہید حسین نے کہاامریکہ کو اپنے ملک میں حقیقی اور مخلص جمہوری حکمران پسند ہیں جبکہ کرپٹ بددیانت اور مفاد پرست حکمران اسے دیگر ملکوں کے زیادہ پسند اور اچھے لگتے ہیں کیونکہ وہ سودا گر ہوتے ہیں اور وہ ملک و قوم دونوں کا سودا کسی بھی مفاد پر کرلیتے ہیںناہید حسین نے آخر میں کہا کہ دنیا میں جتنی بھی دہشت گرد تنظیمیں ہیں انہیں تربیت بمع اسلحہ دینے والا ملک امریکہ ہی ہے جو انہی دہشت گردوںکی مذموم کاروائیوں کے ذریعے کسی بھی ملک کو اندرونی طور پر کمزور کرادیتا ہے اور بعد میں انہیں کمزور ملکوں پر دہشت گردی کا الزام لگا کر چڑھائی کرتا ہے اور اب پاکستان اس کے ٹارگٹ پر ہے جس کے لئے راہ ہموار کی جارہی ہے۔