ممبئی (جیوڈیسک) گزشتہ 18 سال سے بالی ووڈ کے دبنگ خان کی حفاظت پر مامور، باڈی گارڈ شیرا کو پولیس نے ایک شہری اختر قریشی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے جرم میں گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے شہری کی شکایت پر شیرا کیخلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 323 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا نے نہ صرف درخواست گزار اختر قریشی کے ساتھ بدزبانی کی بلکہ اپنی بندوق مار کر اس کی ہڈی بھی توڑ دی تھی۔
یہ تمام واقعہ ممبئی کے علاقے اندھیری میں قائم ایک کلب میں پیش آیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جب یہ واقعہ پیش آیا، اس وقت شیرا کلب میں اکیلا تھا اور اس کے ساتھ سلمان خان موجود نہیں تھے۔
دوسری جانب شیرا نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے کسی کو زدوکوب نہیں کیا۔ مقدمے میں عائد کئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔