اسلام آباد (نامہ نگار) اردو زبان کو عملًا نافذ کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمیل ہاشم چودھری مرکزی ناظم اطلاعات و نشریات تحریک نفاذ اردو آزاد جموں و کشمیر نے صحافیوں اور اساتذہ کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اردو کو تیسری بڑی زبان کا درجہ تو مل گیا ہے مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ بحیثیت قومی زبان اس کو اپنانے والے ہی اس سے غفلت برت رہے ہیں۔
حکومت قومی زبان اردو کو بطور سرکاری ،دفتری اور تدریسی زبان کے طور پر عملا ًنافذ کرتے ہوئے نئے تعلیمی سال میں اردو ذریعہ تعلیم کا سابقہ نظام بحال کرے اور مقابلہ جات کے تمام امتحانات قومی زبان اردو میں لئے جانے کے احکامات صادر فرمائے۔
قومی زبان قومی غیرت کا مسئلہ ہے۔ اس حوالہ سے حکومت پہلی فرصت میں نفاذ اردو کے حوالہ سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے پاکستان کی بنیادرکھے۔