تحریر : وقار انساء پاکستان کی قومی زبان اردو کے سرکاری محکموں میں نفاذ کے لئے محبان اردو نے ایک تحریک چلا رکھی تھی بالآخر انکی کوشش بار آور ہوئی اور وزیراعلی پنجاب نے سرکاری محکموں میں اردو زبان کے نفاذ کی خوشخبری سنا دی۔جس کے لئے حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ پاکستان کے تمام ادارے بشمول عدلیہ اور فوج اپنی تمام مراسلت اردو میں کریں گے۔ مقابلے کے امتحان کے لئے بھی اردو زبان پر دسترس کو لازم قرار دیا اپنی قومی زبان کے لئے ان کا یہ قدم قابل تحسین ہے۔
اپنی قومی زبان کی بقا کے لئے ضروری تھا کہ اداروں میں اس کا نفاذ لازم ہو۔کیونکہ قوموں کا عروج ان کی قومی زبان کی بقا سے ہی ہوتا ہے ورنہ رفتہ رفتہ وہ دم توڑ دیتی ہیں مختلف ممالک کی اپنی قومی زبان ہے انکے باشندے اپنی زبان ہی بولتے ہیں اور انکے۔ اداروں اور محکموں میں بھی انکی قومی زبان ہی رائج ہے سکولوں میں انگریزی ایک مضمون کے طور پر پڑھائی جاتی ہے۔مگر ھمارے ملک میں ترقی کا معیار اور قابلیت کا پیمانہ انگریزی زبان سے مشروط ہے۔
سرکاری طور پر اردو رائج نہ ہونے کا خسارہ ھم نے دوسروں کے محتاجی کی صورت میں اٹھایا کیونکہ تعلیم کے باوجود اس زبان پر دسترس نہ حاصل کر سکے انگریزی زبان انگریزی بھی ھم سیکھ نہ پائے اور اردو کو بھی اجنبی کر دیا۔ نفاذ اردو کی اس تحریک سے انشا اللہ یہ زبان قائم و دائم رہے گی۔اور ھماری نسلیں اس سے آشنا رہیں گی۔
اردو زبان میں لکھی کتب وہ سفر نامہ ہو کہانی یا افسانہ منظر کشی میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔کسی بھی جذبے کے اظہار کے لئے اس کے ذخیرہ الفاظ کی وسعت بیکراں ہے اور برمحل ان کا استعمال مانند نگینوں کے فٹ آتا ہے۔
یوں تو اردو زبان نے ہر صنف میں اپنی شاخیں خوب پھیلائی ہیں لیکن شاعری کا اپنا حسن ہے اور اس نے ادب میں خوب رنگ جمایا ہے حقیقت ہے کہ اردو ایک میٹھی زبان ہے۔ادب سے تعلق رکھنے والے اپنی نوک قلم سے اپنے حسن تخیل کو الفاظ کے موتیوں کا پیرہن اس طرح پہناتے ہیں کہ قاری ہو یا سامع مسحور ہو کر رہ جاتا ہے۔اس کے خوبصورت محاورات اور استعارات اس زبان کے حسن میں چار چاند لگا دیتے ہیں۔ اردو زبان مختلف زبانوں کے حسین امتزاج سے وجود میں آنے والی پیاری زبان ہے جس کی شائستگی اور شگفتگی کمال ہے۔
Urdu Language
تمیز تہذیب اخلاق اور ادب ولحاظ بھی اس زبان کا حسن بڑھاتے ہیں کہیں یہ جھلمل ستارے لگتے ہیں کہیں خوبصورت موتی بن کر تحریر کوجگمگا دیتے ہیں کہیں مترنم جھرنے بن کر جذبات کی زبان بن جاتے ہیں۔کہیں گفتار کو پھولوں سی مہک اور تازگی بخشتے ہیں۔شرینی اور لطافت جس کا خاصہ ہے وہی ہے ھماری پہچان ھماری پیاری زبان اردو
کیا خوب ہے طرز تکلم اور یہ حسن بیاں یہ خاصہ تو میری پیاری زباں اردو کا ہے