واشنگٹن (جیوڈیسک) افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کے حوالے سے آئندہ ہفتے امریکی صدر اوباما اور افغان صدر اشرف غنی کی ملاقات کا امکان ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ افغان فوج کی جانب سے امریکی صدر اوباما سے فی الحال افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ امریکی حکام کے مطابق اس وقت افغانستان میں تقریبا دس ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں گزشتہ دنوں امریکہ کی جانب سے یہ تعداد کم کر کے ساڑھے پانچ ہزار کرنے پر غور کیا جا رہا تھا۔
مگر اب امریکہ نے اس فیصلے پر اگلے سال تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یہ فیصلہ جاری کیا تھا کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کی میعاد سترہ مارچ دو ہزار سترہ تک بڑھا دی جائے۔