سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کے خصوصی ایلچی برائے یمن ٹِم لنڈرکنگ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ وہ سعودی قیادت سے یمن میں جاری جنگ اور صوبہ مآرب میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جارحانہ کارروائی کے سنگین مضمرات کے بارے میں بات چیت کریں گے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے فروری میں ٹِم لنڈرکنگ کو یمن کے لیے اپنا خصوصی ایلچی مقرر کیا تھا۔اس کے بعد سے ان کا خطے کا یہ آٹھواں دورہ ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک بیان کے مطابق خصوصی ایلچی لنڈرکنگ سعودی اور یمنی عہدے داروں کے علاوہ اقوام متحدہ کے حکام سے مآرب میں حوثیوں کی جارحانی کارروائی کے مضمرات،اس سے پیداہونے والے انسانی بحران اور ملک میں عدم استحکام کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔‘‘
’’وہ جمہوریہ یمن کی حکومت اور سعودی عرب سے یمنی معیشت کو مستحکم بنانے اور شمالی یمن کے لیے ایندھن کی درآمد سے متعلق امور اور اس کو حوثیوں کے ہاتھ لگنے سے بچانے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی بات چیت کریں گے۔‘‘
محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں مزیدکہا ہے کہ ’’اب یمن میں لڑائی روکنے اور یمنیوں کو اپنے ملک کے مستقبل کو زیادہ پُرامن اور خوش حال بنانے کے لیے موقع مہیا کرنے کا وقت آگیا ہے۔‘‘