واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی کانگریس نے ایک قانونی بل کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد ملکی حکومت کی جزوی بندش تین ہفتوں کے لیے ختم ہو گئی ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس پر عملدرآمد کی منظوری دے دی تھی۔
امریکی کانگریس نے گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری حکومت کی جزوی بندش کے خاتمے کے لیے گزشتہ روز ایک بِل کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس منصوبے کی منظوری دے چکے تھے۔ تاہم اس معاہدے میں یہ واضح نہیں کہ آیا ٹرمپ کی طرف سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لیے جس 5.7 بلین ڈالرز کے بجٹ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، اُس کا کیا بنا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ 25 جنوری کو یہ اعلان کیا کہ حکومت کی جزوی بندش کے خاتمے کے لیے کانگریس کے ساتھ جاری تنازعے کے حل میں پیشرفت ہوئی ہے۔ ان کے اس اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی امریکی سینیٹ نے ایک محدود مدتی فنڈنگ بِل کی منظوری دے دی جسے بعد ازاں ایوان نمائندگان یعنی ہاؤس آف ریپریزنٹیٹیوز نے بھی منظور کر لیا۔
امریکی حکومت کی اس جزوی بندش کا آغاز 22 دسمبر کو ہوا تھا اور یہ امریکی تاریخ کا اب تک کا طویل ترین شٹ ڈاؤن تھا۔
کانگریس میں ووٹنگ سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا، ’’ميں فخر سے اعلان کرتا ہوں کہ ہم نے شٹ ڈاؤن کے خاتمے اور وفاقی حکومت کو کھولنے کے لیے ایک معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔‘‘ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ معاہدہ تین ہفتے کی عبوری مدت کے لیے ہے، جو 15 فروری تک ہے۔
ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت کے ان ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں جو 35 دن تک جاری رہنے والی امریکی حکومت کی جزوی بندش کے دوران خدمات سر انجام دیتے رہے ہیں۔ اس جزوی بندش کا آغاز 22 دسمبر کو ہوا تھا اور یہ امریکی تاریخ کا اب تک کا طویل ترین شٹ ڈاؤن تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا، ’’ميں فخر سے اعلان کرتا ہوں کہ ہم نے شٹ ڈاؤن کے خاتمے اور وفاقی حکومت کو کھولنے کے لیے ایک معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔‘‘
تاہم جمعہ 25 جنوری کو حکومت کی جزوی بندش کے خاتمے کے لیے جو معاہدہ طے پایا ہے اس میں 5.7 بلین ڈالر کی اُس فنڈنگ کا کوئی ذکر نہیں ہے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میکیسکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے طلب کر رہے تھے۔
کانگریس کی جانب سے اس فنڈنگ کی منظوری نہ دیے جانے کا تنازعہ ہی حکومتی شٹ ڈاؤن کا باعث بنا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تاہم کہنا تھا کہ پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹی کے ارکان پر مشتمل ایک کانفرنس کمیٹی سرحدی سکیورٹی کے معاملے پر کام کرے گی۔