امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال اور مذہبی آزادیوں پر لگائی جانیوالی ضرب پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کو کمیٹی کی جانب سے محکمہ خارجہ، غیرملکی آپریشنز اور دیگر پروگراموں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت میں انسانی حقوق اور مذہبی آزادیوں کی بگڑتی صورتحال پر کمیٹی نے شدید تشویش ظاہر کی اور شہریت سے متعلق قانون میں مذہب کا خانہ شامل کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھارت میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال پر ایوان کو حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کریں جس میں یہ بتایا جائے کہ بھارت لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی، جمع ہونے ، مذہبی آزادی اور قانون کی بالادستی سے متعلق بھارت کیا اقدامات کر رہا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان نے مائیک پومپیو سے کشمیر کی صورتحال پر 90 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کے لیے فنڈنگ کی سفارش بھی کی گئی ہے۔