امریکی ایوان نمائندگان کی شامی باغیوں کو مسلح کرنے کی منظوری

US House Representatives

US House Representatives

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان نے شامی باغیوں کو مسلح کرنے اور ان کی مدد کے حکومتی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

امریکی حکومت نے شامی باغیوں کو مسلح کرنے اور انہیں تربیت دینے کی قرارداد پیش کی جس کے تحت شامی باغیوں کو مسلح کرنے اور ان کی تربیت کے لئے 500 ملین ڈالر فراہم کئے جائیں گے۔

قرارداد کے حق میں 273 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 156 نمائندگان نے اس کے خلاف ووٹ دیئے جس کے بعد ایوان نے اسے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ قرارداد اب سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔

اس سے قبل امریکی صدر براک اوباما نے امریکی فوجیوں سے خطاب میں کہا تھا کہ اسلامی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی کے لئے عراق میں امریکی فوجی نہیں بھیجے جائیں گے۔

میں عراق میں ایک اور زمینی جنگ لڑنے کے لئے فوجی بھیجنے کے لئے تیار نہیں ہوں۔ ان کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب ایک روز قبل ہی امریکی فوج کے سربراہ جنرل ڈیمپسی کا کہنا تھا کہ اگر اسلامی شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی حملوں کی امریکی پالیسی ناکام ہوتی ہے تو عراق میں فوج بھیجی جا سکتی ہے۔