ڈیلس راجہ زاہد اختر خانزادہ ڈیلس کانٹی کی کمشنر ٹریسا ڈینئل نے کہا ہے کہ ڈیلس فورٹ ورتھ میں بسنے والے تمام ڈیمو کریٹ ایک فیملی ممبر کی طرح ہیں جو مل جل کر عوام الناس کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ کریک ہوپر فائن آرٹس سینٹر میں اپنے 60 ویں یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مشن عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود ہے، وہ اس وقت انتہائی خوشی محسوس کر رہی ہیں کہ خوشی کے لمحات میں پارٹی کے تمام افرادان کے ساتھ یہاں موجود ہیں۔
اس موقع پر مسلم ڈیمو کریٹک کاکس امریکا کے صدر سید فیاض حسن اور مسلم لیگ ن ڈیلس کے کو آرڈی نیٹر سراج بٹ نے ڈیلس کی کمشنر کو ان کی60 ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ کاکس امریکا کے صدر فیاض حسن نے اس موقع پر کہا کہ کمشنر ٹریسا ڈینئل خدمت خلق کا اعلی جذبہ رکھتی ہیں جو تمام لوگوں کیلئے مثال ہے۔
اس موقع پر جج کیرل گنس برگ، جج جم جارڈن،جج پٹریشیا کروڈر، جج مارٹی لوز،ڈیمو کریٹک قومی کمیٹی کے رکن بیٹی ریجل اور ان کے شوہر، سابق چیئر مین آف ٹیکساس ڈیمو کریٹک پارٹی سمیت دیگر سول و اعلی حکام نے اس پر وقار تقریب میں شرکت کی۔