لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے بھارت کی سرزمین استعمال کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ افغانستان میں ناکامی پر بھارتی فضائی، بحری اور زمینی اڈے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
بحرہند کی ناکہ بندی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ 26 جون کو گوجرانوالہ ہونیو الی دفاع پاکستان کانفرنس میں قومی مذہبی وسیاسی قیادت خطاب کریگی۔ رمضان المبارک کے بعد بھی دفاع پاکستان کی تحریک پوری قوت سے جاری رہے گی۔
گلبرگ کے مقامی شادی ہال میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کے گھیرائو کیلئے بھارت کی بندرگاہیں اور اڈے استعمال کرنے کے معاہدے کئے گئے۔ بھارت اور امریکہ پاک چین راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان مخالف سازشیں شروع کئے ہوئے ہیں۔ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے اور ہربیرونی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کر سکتے۔
اسلام آباد، لاہور اور فیصل آباد کی طرح 26 جون کو گوجرانوالہ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہوگی۔ رمضان المبارک کے بعد دفاع پاکستان کی تحریک اور زیادہ مضبوط ہوگی۔ دشمنوں کے ارادے خاک میں ملیں گے۔ مودی، اوبامہ معاہدے کررہے ہیں۔ امریکہ جو افغانستان میں نہیں کرسکا، بھارت کو استعمال کرکے کرنا چاہتا ہے۔ یہ معاہدے پاکستان کیخلاف ہیں۔
امریکہ مودی کو سولی پر چڑھا رہا ہے۔ بھارت باز نہ آیا تو تحریک آزادی کشمیر اور آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے تمام اسلامی ممالک مل کر اپنی اسلامی یونین بنائیں۔ یہ وہ وقت ہے کہ ایسی بنیاد رکھی جائے کہ تمام مسلمانوں کی معیشت ڈالر اور یورو کی غلامی سے نکلے اور اسلامی کرنسی کو وجود میں لایا جائے۔
تحریک آزادی کشمیر پوری قوت سے جاری ہے۔ آج کشمیر کے ہر گلی کوچے میں پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔ بھارت کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ وہ طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا۔