امریکی صدر بارک اوباما نے بھارت یاترا مختصر کردی

Barack Obama

Barack Obama

امریکی صدر براک اوباما نے اپنا 3 روزہ دورہ بھارت مختصر کر کے تاج محل جانے کا پروگرام منسوخ کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما 3 روزہ دورے پر اتوار کو بھارت پہنچ رہے ہیں جہاں انہوں نے اپنے دورے کے آخری روز اہلیہ مشل اوباما کے ہمراہ بھارت کے شہر آگرہ میں واقع تاریخی تاج محل کا دورہ بھی کرنا تھا تاہم اب وہ تاج محل نہیں جائیں گے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ تاج محل کا دورہ نہ کرنے کے حوالے سے امریکی حکومت کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں دی گئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ امریکی صدر اپنا دورہ مختصر کر کے سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی وفات پر تعزیت کریں گے تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر اپنے دورہ بھارت کے دوران ’یوم جموریہ‘ کی تقریب میں شرکت کے علاوہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ امریکی صدر بھارتی وزیراعظم کے ہمراہ ریڈیو پر عوام سے خطاب بھی کریں گے۔