امریکہ (اصل میڈیا ڈیسک) امریکہ نے کہا ہے کہ ہم، یوکرائن بحران کے حل کے لئے صدر رجب طیب ایردوان کی کوششوں پر بغور نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی۔
امریکہ وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے مذاکرات کے بارے میں جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات میں یوکرائن بحران کے بارے میں باہمی ربط و ضبط میں اضافے اور نیٹو کے ساتھ بحیثیت ایک کُل کے کاروائیاں کرنے سے متعلقہ موضوعات پر بات چیت کی گئی۔
بیان کے مطابق مذاکرات میں بلنکن نے دونوں ملکوں کی یوکرائن کی زمینی سالمیت کے ساتھ وابستگی پر زور دیا اور کہا ہے کہ مسئلے کے سفارتی حل کے لئے صدر رجب طیب ایردوان کی کوششیں ہماری نگاہ میں ہیں۔
مذاکرات میں چاوش اولو اور بلنکن نے ترکی اور آرمینیا کے درمیان بحالی تعلقات مرحلے اور اس مرحلے کے ساتھ تعاون کے لئے امریکہ کی طرف سے ممکنہ اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
دونوں وزراء نے ترکی اور امریکہ کے باہمی تعلقات کو ڈنامک شکل میں جاری رکھنے سے متعلقہ مواقع پر بھی غورکیا۔