امریکی صدر کا جلد طالبان قیادت سے ملاقات کا اعلان

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں تحریک طالبان کے ساتھ طے پائے تاریخی سمجھوتے کو افغانستان میں جنگ کے خاتمے کی طرف اہم قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی طالبان کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ طالبان سے ڈیل طویل ترین جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد طالبان رہ نماؤں سے ذاتی طور پر ملاقات کریں گے۔

امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ طالبان امن کے لیے تیار ہیں، لیکن انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اس طالبان نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی تو ہم اس سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی فوج کے انخلاء کے بعد افغانستان کے ہمسایہ ممالک کو اس معاہدے کے بعد وہاں استحکام برقرار رکھنے میں مدد کرنی چاہیئے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ افغان فریقین کے مابین آئندہ ہونے والے مذاکرات ابتدائی معاہدے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوں گے لیکن ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں انہیں یقین ہے کہ یہ مذاکرات آخر میں کامیاب ہوں گے کیونکہ ہر کوئی جنگ سے تنگ ہے۔

خیال رہے کہ کل 29 فروری کو افغان طالبان اور امریکا کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے تحت آئندہ 14 ماہ میں امریکا اور نیٹو ممالک کی فوج افغانستان سے نکل جائے گی۔